سعودی عرب نے بھارت سے گوشت درآمد کرنے پر پابندی لگا دی

بھارت کی 4 کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کے بعد تاحیات پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے، سعودی فوڈ اتھارٹی


ویب ڈیسک May 29, 2018
بھارت کی 4 کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کے بعد تاحیات پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے، سعودی فوڈ اتھارٹی۔ فوٹو : فائل

سعودی عرب نے 4 بھارتی اداروں سے گوشت کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں بھارت سے در آمد ہونے والے گوشت میں مضر صحت جراثیم پائے گئے ۔ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 4 بھارتی اداروں پر گوشت درآمد کرنے پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کردی ہے جس کا اطلاق نئے حکم نامے تک جاری رہے گا۔

سعودی حکام نے متعلقہ اداروں سے گوشت کی جانچ پڑتال کرکے مفصل رپورٹ طلب کر لی ہے جس کی بنیاد پر بھارتی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اگر بھارتی کمپنیاں سنگین غفلت کی مرتکب پائی گئیں تو سعودی قوانین کے تحت ان پر مقدمہ چلایا جائے گا اور تاحیات پابندی بھی عائد کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کو گوشت (frozen meat) سپلائی کرنے والے ملکوں میں بھارت بھی شامل ہے جہاں سے بڑے پیمانے میں گوشت سعودی عرب برآمد کیا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں فوڈ اتھارٹی نے سخت قوانین وضع کر رکھے ہیں جس کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔