سندھ میں کوئی کام ٹھیک بھی ہو رہا ہے؟ چیف جسٹس

ویب ڈیسک  بدھ 20 جون 2018
لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق سندھ حکومت کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار فوٹو:فائل

لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق سندھ حکومت کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار فوٹو:فائل

 کراچی: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ سندھ میں کوئی کام ٹھیک بھی ہو رہا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے وزرا کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کے معاملے کی سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ ضمیر گھمرو نے لگژری گاڑیوں کے استعمال کا سرکاری نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 149 لگژری گاڑیاں تحویل میں لے لی ہیں، فیلڈ ورک اور خصوصی مقاصد کے لیے لگژری گاڑیاں استعمال کی جا سکیں گی، گاڑیوں کے استعمال کے لیے یومیہ 25 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری لگژری گاڑیاں چھپانے کا انکشاف

چیف جسٹس نے لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق نوٹی فیکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب ہے اب سندھ حکومت نے کرائے پر گاڑیاں دینا شروع کردیں، سندھ میں کوئی کام ٹھیک بھی ہو رہا ہے، یہ سب بد نیتی کی بنیاد پر کام کیا جا رہا ہے، اس نوٹی فیکیشن کے تحت وزرا پھر سارا دن یہ گاڑیاں استعمال کر سکیں گے، وزرا کو پجارو سے کم گاڑی پسند ہی نہیں آتیں۔ عدالت نے سماعت 28 جون کے لیے ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔