مالدیپ پاورانفرااسٹرکچر کیلیے واپڈا کی مددلے گا

وقائع نگار خصوصی  ہفتہ 30 جون 2018
ممبر فنانس واپڈااورمالدیپی اسٹیٹ الیکٹرک کمپنی کے چیئرمین نے ایم اویوپردستخط کر دیے
 فوٹو: فائل

ممبر فنانس واپڈااورمالدیپی اسٹیٹ الیکٹرک کمپنی کے چیئرمین نے ایم اویوپردستخط کر دیے فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  مالدیپ کی اسٹیٹ الیکٹرک کمپنی نے اپنے ملک میں پاور انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لیے واپڈا کی تکنیکی اور انتظامی مہارت سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کے لیے سمجھوتہ طے پاگیا۔

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں واپڈا کے ممبر فنانس محمد اکرام خان اور اسٹیٹ الیکٹرک کمپنی کے چیئرمین احمد ایمن نے ایم او یو پر دستخط کر دیے، اس موقع پر دونوں اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت اسٹیٹ الیکٹرک کمپنی کے ملازمین واپڈا کی تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، دونوںادارے ملازمین کے تبادلوں کے پروگرام شروع کریں گے، ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ، تربیتی دورے اور لیڈر شپ ڈیولپمنٹ پروگرامز بھی شامل ہوں گے۔

اس موقع پر واپڈا کے ممبر فنانس نے کہا کہ یہ معاہدہ مالدیپ کے پاور سیکٹر انفرااسٹرکچر کی ترقی اور اسٹیٹ الیکٹرک کمپنی کی استعداد بڑھانے کے لیے پائیدار ثابت ہوگا۔اسٹیٹ الیکٹرک کمپنی کے چیئرمین نے واپڈا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے یہ معاہدہ خوش آئند ہے۔ واضح رہے کہ مالدیپ کا وفد6روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آیا ہواتھا، وفد واپڈا کے مختلف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کا دورہ کر چکا ہے جس میں ہائیڈل پاور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ منگلا، ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کالج اسلام آباد اور انجینئرنگ اکیڈمی فیصل آباد شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔