بالی ووڈ میں ایک اور’’سنجو‘‘بنانے کی تیاری

ویب ڈیسک  جمعـء 20 جولائی 2018
راجکمار ہیرانی کے بعد ہدایت کار رام گوپال ورما نے سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے فوٹو:فائل

راجکمار ہیرانی کے بعد ہدایت کار رام گوپال ورما نے سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے فوٹو:فائل

ممبئی: ’’سنجو‘‘کی باکس آفس پر بھرپور کامیابی کے بعد اب ایک اور بالی ووڈ ہدایت کار نے سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاری کرلی۔

بالی ووڈ میں باباکے نام سے مشہور اداکار سنجے دت کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم’’سنجو‘‘نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کردئیے، یہ فلم لوگوں کو اتنی زیادہ پسند آئی ہے  کہ ریلیز کے تقریباً3 ہفتے بعد بھی سینما کے باہر لوگوں کا رش کم نہیں ہورہا اور فلم روز بروزکمائی کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔

فلم’’سنجو‘‘کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے بالی ووڈ کے ایک اور ہدایت کار رام گوپال ورما نے بھی سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کانام ’’سنجو؛ دی ریئل اسٹوری‘‘ہوگا۔ رام گوپال ورما کا کہنا ہے کہ ہدایت کار راجمکار ہیرانی نے سنجے دت کی زندگی کے بہت سے پہلوؤں کو فلم میں اجاگر نہیں کیا لہٰذااب وہ سنجے دت کی زندگی پر فلم بنائیں گےاور پورا سچ بتائیں گے، رام گوپال ورما نے فلم پر کام کرنا بھی شروع کردیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سنجو چھٹی کامیاب ترین فلم

میڈیا رپورٹس کے مطابق  رام گوپال ورما نے جب فلم’’سنجو‘‘دیکھی تو انہیں یہ فلم بہت پسند آئی لیکن انہیں اس بات سے دکھ ہوا کہ فلم میں سنجے دت کی قانونی لڑائی، اے کے 56 رائفل اور ممبئی حملوں کے واقعات کو بہت سطحی طور پر دکھایا گیا ہے۔ لہٰذاوہ اپنی فلم میں ان واقعات کو تفصیلاً دکھائیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان کو ’’سنجو‘‘ کی کامیابی ہضم نہ ہوئی

واضح رہے کہ راجکمار ہیرانی کی ہدایت میں بننےوالی فلم’’سنجو‘‘ریلیز سے اب تک بھارت میں 320 کروڑ سے زائد اورمجموعی طور پر دنیا بھر میں 500 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔