’ سنجو‘ کمائی کے لحاظ سے بھارتی فلم انڈسٹری کی چھٹی کامیاب ترین فلم بن گئی

ویب ڈیسک  بدھ 18 جولائی 2018
فلم سنجو بزنس میں بجرنگی بھائی جان کا ریکارڈ توڑنے کے قریب آگئی۔ فوٹو : فائل

فلم سنجو بزنس میں بجرنگی بھائی جان کا ریکارڈ توڑنے کے قریب آگئی۔ فوٹو : فائل

 ممبئی: فلم اسٹار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ تیزی سے کامیابی سمیٹتے ہوئے بھارتی فلم انڈسٹری کی اب تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی چھٹی بڑی فلم بن گئی ہے اور اس کامیابی نے رنبیر کپور کو بھارت کا نیا سپر اسٹار بنا دیا ہے۔

سنجے دت کی پیچ وخم کھاتی زندگی پر بننے والی فلم سنجو ریلیز کے پہلے روز سے کامیابی کے جھنڈے گاڑتی آئی ہے۔ بزنس کی ریس میں محض تین ہفتوں کے دوران سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’سنجو‘ 316.34 کروڑ روپے کما چکی ہے اور دبنگ خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ کے بزنس 320.34 کروڑ کے نہایت قریب پہنچ چکی ہے جب کہ سنجو کا سفر ابھی جاری ہے۔

فلمی ناقدین سنجو کو بجرنگی بھائی جان سے آگے جاتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ اس طرح بجرنگی بھائی جان، باہوبالی 2، دنگل، پی کے، اور ٹائیگر زندہ ہے کے بعد سب سے زیادہ کمائی حاصل کرنے والی فلموں کی فہرست میں ’سنجو‘ کا نام چھٹے نمبر پر آگیا ہے تاہم سنجو، بجرنگی بھائی جان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پانچویں نمبر پر براجمان ہو سکتی ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں ہلچل مچا دینے والی ’فلم سنجو‘ کے موجودہ بزنس کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ یہ فلم 340.80 کروڑ تک کا بزنس کر سکتی ہے اور اگر سنجو یہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو کامیاب ترین فلموں کی فہرست میں چھٹے نمبر سے تیسرے نمبر پر آجائے گی تاہم باہو بالی 2 کے 510.98 کروڑ اور دنگل کے 387.38 کروڑ کے بزنس کو مات دینا مشکل نظر آتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔