نوازشریف کوان کے گھر کی لڑائی نے جیل بھجوایا، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 25 جولائی 2018
نواز شریف سمجھ رہے تھے کہ لاکھوں لوگ ائیر پورٹ پر ہوں گے، عمران خان فوٹو: فائل

نواز شریف سمجھ رہے تھے کہ لاکھوں لوگ ائیر پورٹ پر ہوں گے، عمران خان فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کوان کے گھرکی لڑائی نے جیل بھجوایا اورشہبازشریف اورحمزہ شہباز نے ان سے ہاتھ کیا ہے۔

اسلام آباد میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین الیکشن ہیں، تمام پاکستانی آج ووٹ ضرورڈالیں، ووٹ ڈالنا آپ کا فرض ہے اوراپنے ملک کے لیے یہ فرض ادا کریں، اللہ نے جوموقع دیا ہے اس موقع کوضائع نہ کریں، میرے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے گھرسے ضرور نکلیں۔ انسان کوشش کرتا ہے کامیابی اللہ دیتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میری دلچسپی اس میں ہے کہ پاکستان کی بہتری کس چیزمیں ہے، پاکستان کو سب سے زیادہ خطرہ مافیا اورغیرملکی مخلوق سے ہے، غیرملکی مخلوق چاہتی ہے کہ پاکستان کمزورہو، بھارتی حکمرانوں کو نوازشریف سے عشق ہے کیونکہ بھارت پاکستانی فوج کو کمزور کرنا چاہتاہے اور اس میں نوازشر یف نے پورا ساتھ دیا۔

عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف اورحمزہ شہباز نے نواز شریف سے ہاتھ کیا ہے، ان کی آپس کی لڑائیوں نے نواز شریف کو جیل میں ڈلوایا، ایک بھائی چاہتا ہے حمزہ آگے آئے اور دوسرا بھائی چاہتا ہے کہ مریم آگے آئے۔ نواز شریف سمجھ رہے تھے کہ لاکھوں لوگ ائیرپورٹ پر ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔