فلسطین کی بہادر بیٹی عہد تمیمی جیل سے رہا

ویب ڈیسک  اتوار 29 جولائی 2018
عہد تمیمی کو اسرائیلی سپاہی کو تھپڑ مارنے پر دسمبر 2017 میں حراست میں لیا گیا تھا۔ فوٹو : فائل

عہد تمیمی کو اسرائیلی سپاہی کو تھپڑ مارنے پر دسمبر 2017 میں حراست میں لیا گیا تھا۔ فوٹو : فائل

یروشلم: فلسطین میں مزاحمت کار نوجوان لڑکی عہد تمیمی کو 8 ماہ قید کے بعد گزشتہ شب رہا کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کے منہ پر تھپڑ رسید کرنے والی نڈر لڑکی عہد تمیمی کو جیل میں 8 ماہ کی قید و بند کی صعوبتیں اُٹھانے کے بعد گزشتہ شب رہائی مل گئی ہے۔ آٹھ ماہ کی سخت تکالیف نازک اور کم سن لڑکی کے پایہ استقلال میں لرزش نہیں لا سکیں۔ اسرائیلی حکام نے عہد تمیمی کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔

اسرائیل کے محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ آج صبح عہد تمیمی اور اُن کی والدہ نریمان کو رہا کردیا گیا ہے۔ دونوں قیدیوں کو اُن کے رہائشی علاقے مغربی کنارے بھیج دیا گیا ہے۔ دوسری جانب عہد تمیمی نے جیل سے آزاد ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عہد تمیمی کا پورا گھرانہ سماجی کارکن اور مزاحمت کار کے طور پر شہرت رکھتا ہے۔

واضح رہے فلسطین میں دو اسرائیلی سپاہیوں کو طمانچہ رسید کرنے اور دھکے دینے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد جرات و بہادری کا استعارہ بننے والی نوجوان لڑکی عہد تمیمی کو قابض اسرائیلی فوج نے دسمبر 2017 کو والدہ کے ہمراہ گھر سے گرفتار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔