سلیکٹرز کو بھولے بسرے عماد وسیم کی پھر یاد آگئی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 31 اگست 2018
حفیظ بھی ٹورنامنٹ کھیلنے کے امیدواروں میں موجود، ٹیم کی ایبٹ آباد میں ٹریننگ مکمل ،لاہور میں کیمپ لگے گا۔ فوٹو: فائل

حفیظ بھی ٹورنامنٹ کھیلنے کے امیدواروں میں موجود، ٹیم کی ایبٹ آباد میں ٹریننگ مکمل ،لاہور میں کیمپ لگے گا۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  سلیکٹرز کو بھولے بسرے عماد وسیم کی پھر یاد آگئی،ایشیا کپ کیلیے منتخب 18 ممکنہ کھلاڑیوں میں آل راؤنڈر کا نام بھی شامل ہے۔

ایشیا کپ یواے ای میں 15ستمبر کو شروع ہوگا، انضمام الحق کی زیرسربراہی کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت کے بعد تربیتی کیمپ کیلیے 18کرکٹرزکا اعلان کردیا،رواں سال فروری میں پی ایس ایل کے دوران انجرڈ ہونے کے بعد مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہنے والے عماد وسیم بھی کیمپ کا حصہ ہونگے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا سے ون ڈے کے بعد کوئی انٹرنیشنل میچ نہ کھیل پانے والے آل راؤنڈر پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے زخمی ہوئے، اس کے بعد رویہ درست نہ ہونے کی وجہ سے نظر انداز کیے جانے کی بازگشت بھی سنائی دیتی رہی،دورئہ زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائنگولر سیریز کے بعد ایک روزہ میچز کیلیے بھی انھیں زیر غور نہیں لایا گیا۔

عماد وسیم نے حال ہی میں کیریبیئن پریمیئر لیگ میں جمیکا تلاواز کی جانب سے ایکشن میں نظرآئے ہیں، ٹیسٹ مزاج کے حامل شان مسعود کو حیران کن طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، اوپنر نے اب تک 12ٹیسٹ میں 23.54کی اوسط سے 565رنز بنائے اور ون ڈے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔

کیمپ میں شاہین شاہ آفریدی کو بھی کال کیا گیا،3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے نوجوان بولر ون ڈے کرکٹ میں انٹری کا انتظار کررہے ہیں تاہم ان کا حتمی اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل نظر آرہا ہے، ممکنہ کھلاڑیوں میں حفیظ کا نام بھی شامل ہے۔

دورئہ زمبابوے میں ون ڈے سیریز کا ایک بھی میچ نہ کھیل پانے والے آل راؤنڈرکا ستارہ گردش میں ہے، سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پر ڈھکے چھپے احتجاج کے بعد بیک فٹ پر آنیوالے حفیظ کی حتمی اسکواڈ میں جگہ مشکل سے ہی بنے گی، دورئہ زمبابوے میں آزمائے جانیوالے یاسر شاہ باہر ہوگئے۔

تربیتی کیمپ کیلیے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، شان مسعود، امام الحق، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، بابر اعظم، شاداب خان، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

دوسری جانب ون ڈے اور ٹیسٹ پلیئرز کا ایبٹ آباد میں 3روزہ کنڈیشننگ کیمپ گزشتہ روز ختم ہوگیا، جمعے کوواپسی کیلیے رخت سفر باندھنے والے کرکٹرز لاہور میں رپورٹ کرینگے جہاں 3سے 10ستمبر تک تربیتی کیمپ لگایا جائے گا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس پر توجہ دیںگے،آغاز میں فٹنس ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔