نواز شریف کی شریف میڈیکل سٹی آمد، اہلیہ کی نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ

ویب ڈیسک  جمعرات 13 ستمبر 2018
سابق وزیراعظم نے بیگم کلثوم نواز کی نمازجنازہ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ فوٹو: ٹوئٹر

سابق وزیراعظم نے بیگم کلثوم نواز کی نمازجنازہ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ فوٹو: ٹوئٹر

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے شریف میڈیکل سٹی میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کلثوم نواز کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی، اس سلسلے میں تمام تر ذمہ داریاں پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، عطاء اللہ تارڑ اور عباس شریف کے اہل خانہ کو سونپی گئی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نواز شریف کی طبیعت ناساز

نواز شریف بھی اپنے رفقا کے ہمراہ شریف میڈیکل سٹی پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے والد میاں شریف کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔ پھر بیگم کلثوم نواز کی نمازجنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی جاوید مرزا نے میڈیا کو بتایا کہ نواز شریف تندرست ہیں لیکن انہیں بیگم کی وفات کا بہت صدمہ ہے۔ انہوں نے نماز جنازہ کی جگہ کا جائزہ لیا اور انتظامات کے حوالے سے ہدایات دی ہیں۔

واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز کی میت جمعے کی صبح لاہور پہنچے گی اور ان کی نماز جنازہ کل ہی  شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔