امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے درمیان نیا تجارتی معاہدہ طے پاگیا

ویب ڈیسک  پير 1 اکتوبر 2018
یہ معاہدہ پرانے معاہدے نافٹا کی جگہ لے لے گا۔ فوٹو : فائل

یہ معاہدہ پرانے معاہدے نافٹا کی جگہ لے لے گا۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے درمیان پرانے تجارتی معاہدے ’نافٹا‘ کی جگہ نیا تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور کینیڈا کے ساتھ ساتھ اس تجارتی معاہدے میں میکسیکو بھی شامل ہے۔ اس معاہدے کو یونائیٹڈ اسٹیٹس، میکسیکو، کینیڈا ایگریمنٹ  (USMCA) کا نام دیا گیا ہے۔ اس تجارتی معاہدے سے امریکا کی کینیڈا کی ڈیری مصنوعات تک رسائی میں اضافہ ہو جائے گا۔

امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے اعلیٰ حکام نے تجارتی معاہدے پر دستخط کیے۔ تاہم طے پانے والے معاہدے کے مندرجات کو منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے۔ یہ معاہدہ نافٹا (North American Free Trade Agreement) کی جگہ لے گا۔ نافٹا کی تبدیلی کے لیے امریکی صدر کئی عرصے سے کوشاں تھے۔

تجارتی معاہدہ طے پانے کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ 21 ویں صدی کی ضروریات سے ہم آہنگ ایک جدید ترین معاہدہ ہے۔ یہ معاہدہ مزدوروں، کسانوں اور تاجروں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ جس سے خطے کی معیشت میں انقلاب برپا ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نافٹا معاہدے سے نالاں تھے اور اس کی جگہ کوئی نیا اور جدید خطوط پر استوار معاہدہ کرنا چاہتے تھے۔ نافٹا کے تحت ایک ٹریلین امریکی ڈالر کی تجارت ہوتی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔