سعد رفیق نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

ویب ڈیسک  بدھ 10 اکتوبر 2018
عدالتِ عالیہ گرفتاری سے بچنے کے لئے حفاظتی ضمانت دے، درخواست گزار :فوٹو:فائل

عدالتِ عالیہ گرفتاری سے بچنے کے لئے حفاظتی ضمانت دے، درخواست گزار :فوٹو:فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے نیب کے ہاتھوں ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں نامزد ملزمان خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق نے ممکنہ گرفتاری کے پیشِ نظر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے اور حفاظتی ضمانت کے لئے درخواست دائر کردی ہے۔

سعد رفیق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ میں کبھی بھی پیراگون سٹی کا ڈائریکٹر یا شیئر ہولڈرنہیں رہا، تاہم نیب کی جانب سے پیراگون سٹی اسکینڈل کے حوالے سے تحقیقات میں مکمل تعاون کیا لیکن اب  نیب نے اپنی آزاد حیثیت ختم کرلی ہے، گزشتہ ہفتے پیشی کے موقع پرقائد حزب اختلاف شہبازشریف کی گرفتاری سے نیب کے عزائم ظاہر ہوگئے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سعد رفیق اور سلمان رفیق کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ نیب لاہورمیں پیشی کے موقع پر ممکنہ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی صورت میں جواب کے لئے دوہفتے کا وقت دیا جائے اورعدالتِ عالیہ گرفتاری سے بچنے کے لئے حفاظتی ضمانت دے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نیب کی سعد رفیق سے ڈھائی گھنٹے پوچھ گچھ

دوسری جانب خواجہ سلمان رفیق نے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لئے درخواست دائرکردی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب لاہورپیشی کے موقع پرگرفتاری سے روکا جائےاور عدالت نیب کو دو ہفتے تک مجھے گرفتار نہ کرنے کا حکم دے تاکہ  جواب  جمع کرایا جاسکے، اور عدالتِ عالیہ اس وقت تک مجھے حفاظتی ضمانت دے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔