افغانستان میں فائرنگ سے قندھار پولیس چیف اور صوبائی انٹیلی جنس سربراہ ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 18 اکتوبر 2018

کابل: افغان صوبے قندھار میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے قندھار پولیس چیف عبدالرازق اور خفیہ ادارے کے صوبائی چیف ہلاک  اور گورنر قندھار شدید زخمی ہو گئے جب کہ امریکی کمانڈر اسکاٹ ملر بال بال بچ گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبے قندھار کے گورنر کمپاؤنڈ میں قندھار پولیس چیف پر اُن ہی کے باڈی گارڈ نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں قندھار پولیس چیف جنرل عبدالرازق اور افغان خفیہ ادارے کے صوبائی سربراہ عبدالمومن حسین خیل ہلاک ہوگئے۔

اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر میں قندھار کے گورنر زلمے وصا زخمی ہوگئے جب کہ نیٹو سربراہ کمانڈر اسکاٹ ملر حملے میں محفوظ رہے۔ جوابی کارروائی میں باڈی گارڈ بھی ہلاک ہوگیا۔ باڈی گارڈ کی اپنے چیف اور دیگر حکام پر فائرنگ کی فوری طور پر کوئی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔

قندھار پولیس چیف پر ان ہی کے باڈی گارڈ نے اُس وقت گولیوں کی بوچھاڑ کی جب وہ گورنر قندھار، انٹیلی جنس حکام اور امریکی کمانڈر اور نیٹو کے سربراہ اسکاٹ ملر کے ہمراہ ایک اہم اجلاس میں شرکت کے بعد ہیلی پیڈ کی جانب جا رہے تھے۔

ڈپٹی گورنر قندھار نے صوبائی پولیس اور انٹیلی جنس چیف کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گورنر قندھار شدید زخمی ہیں جب کہ امریکی کمانڈر اسکاٹ ملر کو معمولی زخم آئے ہیں۔

دوسری جانب طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 20 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کو ناکام بنانے کے لیے مزید حملوں کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔