اٹھارویں ترمیم وفاق کا قتل ہے اس میں ترمیم ناگزیر ہے فیصل واوڈا

اٹھارویں ترمیم آسمان سے اتری کتاب نہیں یہ انسان نے بنائی ہے، فیصل واوڈا


ویب ڈیسک October 20, 2018
اب جوکام میرے نہیں وہ بھی کروں گا، فیصل واوڈا، فوٹو، سوشل میڈیا

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے اٹھارویں ترمیم کو وفاق کا قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کی شقوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ لوگ مجھ سے کہتے ہیں کہ پانی دو حالانکہ پانی دینا صوبے کا کام ہے ایم این اے کا کام تو قانون سازی کرنا ہے، اٹھارویں ترمیم کے پیچھے لگا ہوا ہوں کیونکہ اٹھارویں ترمیم وفاق کا قتل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹھارویں ترمیم اور وفاق

وفاقی وزیر نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم آسمان سے اتری کتاب نہیں یہ انسان نے بنائی ہے اور اس کی شقوں میں ترمیم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کا نام لیے بغیر کہا کہ اٹھارویں ترمیم پر بات کروں تو کچھ لوگ اچھلنے لگتے ہیں پہلے یہ ملک کھاتے تھے اب صوبہ کھا رہے ہیں، ہائیڈرنٹس توڑنا شروع کیے تو ان کے پیٹ میں مروڑ شروع ہوگیا اب جو کام میرے نہیں وہ بھی کروں گا۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ آج میری سالگرہ ہے جو میں اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ منانے آیا ہوں جب کہ اٹھارویں ترمیم سے متعلق بیان میرا ذاتی موقف ہے۔