شہبازشریف کو کسی صورت ’پی اے سی‘ کا چیئرمین بننے نہیں دیں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 29 اکتوبر 2018
اسلام آباد:وزیراعظم نے امور حکومت چلانے کے لئے اراکین سے تجاویز طلب کرلیں	
: فوٹو: فائل

اسلام آباد:وزیراعظم نے امور حکومت چلانے کے لئے اراکین سے تجاویز طلب کرلیں : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو کسی بھی صورت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بننے نہیں دیا جائے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اپوزیشن اتحاد اوراحتجاج سے متعلق پارٹی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کا ملک میں اداروں کی مکمل آزادی اوراحتساب کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اپوزیشن سے بلیک میل نہیں ہوں گے، شہباز شریف کو کسی صورت بھی پی اے سی (پبلک اکاؤنٹس کمیٹی) کا چیئرمین نہیں بنایا جائے گا، اس عہدے کے لیے مشاورت سے غیرجانبدارشخصیت کا انتخاب کیا جائے گا، اس کے لیے اگر کمیٹیاں بنانی پڑیں توبنائیں گے۔ امورحکومت کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے اراکین بھی اپنی تجاویزدیں ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے اراکان پارلیمنٹ کو وزیراعظم آفس تک براہ راست رسائی دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے موبائل ایپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ارکان پارلیمنٹ کسی مسئلے کی صورت میں وزیراعظم آفس سے براہ راست رابطہ کرسکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔