دنیا کا پہلا فولڈنگ اسمارٹ فون پیش کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 2 نومبر 2018
چینی کمپنی رویول اگلے ماہ دنیا کا پہلا فولڈ ہونے والا اسمارٹ فون پیش کررہی ہے (فوٹو: بشکریہ رویول)

چینی کمپنی رویول اگلے ماہ دنیا کا پہلا فولڈ ہونے والا اسمارٹ فون پیش کررہی ہے (فوٹو: بشکریہ رویول)

بیجنگ: چین کی ایک غیرمعروف کمپنی نے اگلے ماہ کے آخر میں دنیا کا پہلا فولڈنگ اسکرین اسمارٹ فون فروخت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نہ صرف تجزیہ کاروں کو حیران کردیا بلکہ اس نے سام سنگ اور ہواوے جیسی کمپنیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جو ایک عرصے سے ایسے فون پر کام کررہی ہیں۔

چینی کمپنی رویول نے اپنے بل پر لچک دار ڈسپلے والی ایمولیڈ ٹیکنالوجی وضع کی ہے جسے استعمال کرتے ہوئے اسمارٹ فون تیار کیا ہے جو ایک وقت میں فون بھی ہے اور ٹیبلٹ کا کام بھی کرتا ہے۔ کھل جانے کے بعد اسمارٹ فون کا اسکرین 7.8 انچ اسکرین تک پہنچتا ہے۔ ڈسپلے کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ دو لاکھ مرتبہ بھی کھلنے اور بند ہونے کے بعد خراب نہیں ہوتا۔ اس ماڈل کو فلیکس پائی کا نام دیا گیا ہے۔

فون میں کوالکوم نیکسٹ جنریشن اسنیپ ڈریگن 8 سیریز ایس او سی پروسیسر لگایا گیا ہے۔ ریم 8 جی بی ہے جبکہ 128 سے 256 جی بی تک اسٹوریج کی گنجائش ہے۔ ڈوئیل کیمرے میں 20 میگا پکسل کیمرا ٹیلی فوٹو سینسر کے ساتھ اور 16 ایم پی وائڈ اینگل کیمرا نصب ہے۔

اسے بلاشبہ دنیا کا پہلا تہہ ہوجانے والا اسکرین فون کہا جاسکتا ہے جسے رویو ٹیکنالوجی ریلیز کرے گی تاہم تجزیہ کاروں نے اس کے ڈیزائن کو بہت بے کشش قرار دیا ہے۔

نئے فون کے آپریٹنگ سسٹم کو واٹر او ایس کا نام دیا گیا ہے جو اینڈروئڈ نائن پائی کے متبادل ہے۔ اسمارٹ فون کو دسمبر کے آخر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جن کی قیمتیں 1300 ڈالر برائے 128 جی بی اور 256 جی بی کی قیمت 1469 ڈالر رکھی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔