نیب تحقیقات؛ قائم علی شاہ کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

ویب ڈیسک  منگل 13 نومبر 2018
نیب تحقیقات پر اعتراض نہیں لیکن نیب کو گرفتاری سے روکا جائے، درخواست میں استدعا۔ فوٹو : فائل

نیب تحقیقات پر اعتراض نہیں لیکن نیب کو گرفتاری سے روکا جائے، درخواست میں استدعا۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ نیب تحقیقات پر اعتراض نہیں ہے، نیب سے تحقیقات میں تعاون کریں گے لہذا ضمانت دی جائے اور نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔

عدالت نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے قائم علی شاہ کی ضمانت منظور کرلی اور 6 دسمبر کو دوبارہ طلب کرلیا، عدالت نے سابق وزیراعلیٰ سندھ کی 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور دیگر کے خلاف نیب تحقیقات کررہی ہے اور اسی وجہ سے نیب نے قائم علی شاہ کو کال اپ نوٹس جاری کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔