خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کا معاملہ اختلافات کا شکار

احتشام بشیر  پير 26 نومبر 2018
وفاق میں عہدوں پر موجود شخصیات اپنوں کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی دینے کی لابنگ میں مصروف ہیں۔ فوٹو: فائل

وفاق میں عہدوں پر موجود شخصیات اپنوں کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی دینے کی لابنگ میں مصروف ہیں۔ فوٹو: فائل

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کا فیصلہ اختلافات کا شکارہوگیا ہے۔ 

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کے لیے وزیراعلی محمود خان کی جانب سے نئے وزارء اورمشیروں کے نام بھجوادیے گئے ہیں جبکہ عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ ” حکومتی عہدوں پرفائزکسی بھی شخص کے رشتہ دارکو صوبائی حکومتوں میں نمائندگی نہیں دی جائے گی”، اس کے باوجود وفاقی حکومت میں عہدوں پرموجود شخصیات اپنوں کوصوبائی کابینہ میں نمائندگی دینے کی لابنگ میں مصروف ہیں۔ وہ شخصیات نہ وزیراعلی سے رابطوں میں ہیں بلکہ چیرمین عمران خان سے بھی رابطہ کرچکے ہیں۔

پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ دباؤ کے باعث وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں توسیع کا فیصلہ فی الوقت روکنے کی ہدایت کردی ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کو کابینہ میں توسیع کے معاملے پر خاموش رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے جب صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ہے کابینہ میں توسیع کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے، جب عمران خان کی جانب سے منظوری دی جائے گی کابینہ میں توسیع کا اعلان کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔