فرانس میں کرسمس مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے 3 افراد ہلاک، 12 زخمی

ویب ڈیسک  بدھ 12 دسمبر 2018
ملزم پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، فرانسیسی وزیرداخلہ - فوٹو: اے ایف پی

ملزم پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، فرانسیسی وزیرداخلہ - فوٹو: اے ایف پی

اسٹراس برگ: فرانس کے شہر اسٹراس برگ میں کرسمس مارکیٹ کے قریب مسلح شخص کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے شہر اسٹراس برگ میں کرسمس مارکیٹ کے قریب فائرنگ کا واقع پیش آیا نامعلوم مسلح شخص نے مارکیٹ کے قریب اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی، فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔

فرانسیسی وزیرداخلہ کرسٹوفر کیسٹینر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو حراست میں لینے کی کوشش کی اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں حملہ آور زخمی ہونے کے باوجود فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

فرانسیسی وزیرداخلہ نے کہا کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مسلح شخص کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جب کہ اس قسم کے مزید واقعات سے بچنے کے لیے تمام کرسمس مارکیٹ میں سیکیورٹی سخت کردی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور کی شناخت 29 سالہ چیرف کے نام سے ہوئی ہے جو اسٹراس برگ کا ہی رہائشی ہے، اور حملہ آور کا مجرمانہ ریکارڈ بھی پایہ گیا ہے، حملے کا مقصد تاحال معلوم نہیں ہوسکا البتہ کاؤنٹرٹیررازم سیل کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔