مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور

ایوان بالا کا کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ


ویب ڈیسک December 18, 2018
مذمتی قرارداد شیری رحمان نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ فوٹو:فائل

سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔



قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں معصوم کشمیریوں کی شہادت کی مذمت کرتا ہے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے اور اقوام متحدہ وہاں ہونے والے مظالم کی مذمت کرے۔ قرارداد پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے پیش کی۔




سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ریاستی دہشتگردی سے تحریک آزادی نہیں دبائی جاسکتی، کشمیر پر او آئی سی کو از خود اجلاس بلانا چاہئے تھا لیکن او آئی سی اور اسلامی ممالک بھی کشمیر میں مظالم پر خاموش ہیں، اقوام متحدہ سے کچھ اچھے کی امید رکھنا بے وقوفی ہے، اقوام متحدہ امریکا کا آلہ کار بن گیا ہے، جیپوں کو ساتھ باندھ کر لوگوں کو گھسیٹا جاتا ہے، بھارتی فوج پیلٹ گنز سے نوجوانوں کو بینائی سے محروم کر رہی ہے۔


سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ بھارت ہوش کے ناخن لے، اب تو بات پیلٹ گن سے بھی آگے چلی گئی ہے اور سیدھی فائرنگ کی جاتی ہے۔