(ن) لیگ کا نوازشریف کے خلاف فیصلہ آنے پرعوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 20 دسمبر 2018
ملاقات کے بعد دونوں رہنما ایک دوسرے سے چلتے چلتے سرگوشیوں میں بات کرتے رہے: فوٹو: فائل

ملاقات کے بعد دونوں رہنما ایک دوسرے سے چلتے چلتے سرگوشیوں میں بات کرتے رہے: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) لیگ نے نوازشریف کے خلاف فیصلہ آنے پرعوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نوازشریف کو سزا کی صورت میں سینئررہنماؤں کی کمیٹی قائم کی گئی۔ کمیٹی عوامی رابطہ مہم کی نگرانی کرے گی، کمیٹی میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال،رانا ثناءاللہ، خواجہ آصف، حمزہ شہباز، مشاہد اللہ اور ایاز صادق بھی کمیٹی میں شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کے خلاف فیصلہ آنے پرعوامی رابطہ مہم شروع کرنے  کے فیصلے سمیت حکومت کے خلاف مختلف امور پر سخت موقف اپنانے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب مریم اورنگزیب نے پارٹی کی میڈیا کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ  دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال بہت خراب ہو چکی ہے، پارٹی کو میڈیا کے حوالے سے مزید فعال پالیسی بنانے کی ضرورت ہے جب کہ مارچ 2019 تک مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے شہبازشریف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ون آن ون ملاقات کی، جس میں احتساب عدالت کے متوقع فیصلے پرگفتگو کی گئی۔ عدالتی فیصلہ حق میں آنے پرخاموشی اخیتار کرنے کے حوالے سے غورکیا گیا جب کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ آنے پرعوامی رابطہ مہم شروع کرنے پراتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنما ایک دوسرے سے چلتے چلتے سرگوشیوں میں بات کرتے رہے اوربات چیت کے دوران زیادہ تربات نوازشریف نے کی، شہباز شریف سنتے رہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نوازشریف کیخلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسزکا فیصلہ محفوظ

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسزکا فیصلہ محفوظ کرلیا جو24 دسمبرکوسنایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔