افغان طالبان نے کابل حکومت کی مذاکرات کی پیش کش مسترد کردی

آئندہ ماہ سعودی عرب میں امریکا سے ہونے والے مذاکرات میں حصہ لیں گے، ترجمان افغان طالبان


ویب ڈیسک December 30, 2018
کسی ایسے مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے جس میں کابل حکومت شامل ہو۔ ترجمان طالبان فوٹو : فائل

لاہور: افغان طالبان نے کابل حکومت سے مذاکراتی عمل کو مسترد کرتے ہوئے آئندہ ماہ ریاض میں امریکا سے مذاکرات کا اعلان کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان نے صدر اشرف غنی کی امن کی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کسی ایسے مذاکراتی عمل میں حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کابل حکومت کے نمائندے بھی موجود ہوں۔

افغان طالبان نے دبئی میں ہونے والے مذاکرات کے تسلسل کو جاری رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ماہ سعودی عرب میں ہونے والے امن مذاکرات میں امریکی وفد سے مصالحتی بات چیت کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

افغان طالبان کے ترجمان نے مزید بتایا کہ امریکا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے اور امید کرتے ہیں کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ہماری خواہش کا احترام کرتے ہوئے کابل حکومت کو مذاکراتی عمل سے دور رکھیں گے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ دبئی میں طالبان نمائندوں، امریکا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور پاکستان کے وفد کے درمیان افغانستان میں جاری 17 سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہوئے تھے جس کے لیے حتمی ملاقات جنوری 2019 میں سعودی عرب میں ہونا ہے۔