انوپم کھیر کے خلاف بھارتی وزیر اعظم بننے پر مقدمہ درج

فلم میں انوپم کھیر نے اعلیٰ حکام کی شخصیت کے تاثر کو خراب کیا ہے، درخواست میں موقف


ویب ڈیسک January 03, 2019
فلم میں انوپم کھیر من موہن سنگھ کا کردار اداکررہے ہیں فوٹوانٹرنیٹ

نامور بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کو اپنی آئندہ فلم میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ بننا مہنگا پڑگیا ہے اور ان پر اعلیٰ حکام کی شخصیت کے تاثر کو خراب کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار انوپم کھیر ان دنوں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کی سوانح حیات پر بننے والی فلم 'ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر' میں اداکاری کرنے کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔ فلم میں انوپم کھیر من موہن سنگھ کا کردار ادا کررہے ہیں تاہم انہیں یہ کردارادا کرنا مہنگا پڑگیا۔

وکیل سدھیر کمار اوجھا نے گزشتہ روز بہار کی عدالت میں انوپم کھیر، فلم کے ہدایت کار و پروڈیوسر اور فلم سے منسلک دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایاہے۔ اوجھا نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ انوپم کھیر اور اکشے کھنا جو فلم میں من موہن سنگھ کے مشیر اطلاعات سنجایا بارو کا کردارادا کررہے ہیں نے بھارتی سیاست کی اعلیٰ شخصیات کے تاثر کو خراب کیا ہے۔

درخواست میں مزید کہاگیا کہ فلم میں دیگر افراد جنہوں نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پریانکا وادرا کے کردار ادا کیے ہیں انہوں نے بھی ان لوگوں کی شخصیت کے تاثر کو خراب کیا ہے، جس سے مجھے اور دیگر افراد کو تکلیف پہنچی ہے۔ کیس کی سنوائی 8 جنوری کو مظفر پور کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی ذیلی عدالت میں ہوگی جب کہ فلم 11 جنوری کو ریلیز ہوگی۔