3قیدیوں کے فرار میں ملوث3پولیس اہلکاروں کا جسمانی ریمانڈ

فرارہونیوالےقیدی زبیر،ارسلان اورحمارکا تعلق لیاری گینگ وارسے ہے،تینوں ملزمان پر اغوا برائے تاوان اور قتل کا الزام ہے۔


Staff Reporter July 13, 2013
قتل اور اقدام قتل کے الزام میں گرفتار ملزم پر فرد جرم عائد، ملزم کا صحت جرم سے انکار ، عدالت نے گواہوں کوطلب کرلیا فوٹو: فائل

اغوا برائے تاوان اور قتل کے الزام میں ملوث 3 ملزمان کے حوالات سے فرار ہونے پر تھانہ پریڈی نے 3پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا تھا۔

جمعے کو تھانہ پریڈی نے گرفتار پولیس اہلکار شاکراﷲ ، محمد سعید اور منیر ایوب کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی حاتم عزیز کے روبرو پیش کیا تھا، اس موقع پر پولیس نے عدالت کو بتایا کہ قیدی ملزمان کی غفلت اور لاپروائی کے باعث فرار ہوئے ہیں ملزمان سے تحقیقات کرنی ہے اور 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی ،فاضل عدالت نے ملزمان کو 15جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے۔



گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے متصل حوالات سے اغوا برائے تاون اور قتل کے مقدمات میں ملوث زبیر ، ارسلان اور حمار فرار ہوگئے تھے، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ،تھانہ پریڈی نے غفلت اور لاپروائی برتنے پر مذکورہ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا تھا ،دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نوشابہ قاضی نے قتل اور اقدام قتل کے الزام میں گرفتار ملزم عادل عرف پگلا پر 2 برس بعد فرد جرم عائد کردی ہے۔

تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے فاضل عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے استغاثہ اور گواہوں کو 17اگست کو طلب کرلیاہے، استغاثہ کے مطابق ملزم نے اپنے دیگر مفرور ساتھیوں شمشاد ، جواد اور اﷲ بخش کے ہمراہ فائرنگ کرکے شعیب کو ہلاک کردیا تھا جبکہ کاشف سلیم ، طاہر اور حمید کو شدید زخمی کردیا تھا ،ملزمان کے خلاف تھانہ اورنگی ٹاؤن میں مدعی کاشف کلیم کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔