بچی سے زیادتی اور قتل کے مجرم کو سرعام پھانسی دینے کی سفارش

سینیٹ قائمہ کمیٹی کا ملزم کو سر عام پھانسی دینے کی قرارداد اسمبلی میں پیش کرنے کا عندیہ


ویب ڈیسک January 07, 2019
سینیٹ قائمہ کمیٹی کا ملزم کو سر عام پھانسی دینے کی قرارداد اسمبلی میں پیش کرنے کا عندیہ فوٹو:فائل

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے بچی سے زیادتی اور قتل کے مجرم کو سرعام پھانسی دینے کی سفارش کردی۔

رحمان ملک کی زیرصدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا، جس میں خیبر پختون خوا کے ضلع ایبٹ آباد کے شہر حویلیاں میں تین سالہ معصوم بچی فریال سے زیادتی و بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کی گئی۔

ڈی پی او نے ایبٹ آباد زیادتی کیس کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بچی کی باڈی سے مجرم کے ڈی این ایز ملے ہیں اور پولیس نے 34 لوگوں کے ڈی این ایز لے کر ٹیسٹ کے لئے بھیجے ہیں، قاتل کو جلد گرفتار کرلیں گے ایسا لگ رہا ہے کہ وہ فیملی کا کوئی شخص ہے۔

وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ اس کیس میں مجرم کو مثالی سزا دینی چاہیے اور سر عام پھانسی ہونی چاہیے۔ رحمان ملک نے کہا کہ کمیٹی ملزم کو سر عام پھانسی دینے کی سفارش کرتی ہے جس کے لیے پارلیمنٹ میں شہریار آفریدی اور سینیٹ میں ہم قرارداد پیش کریں گے۔