اسلام آباد میں گرینڈ حیات ٹاور کی لیز منسوخی کے خلاف اپیل منظور

بی این پی گروپ کو 8 سال میں 17.5 ارب روپے سی ڈی اے کو ادا کرنے کا حکم


ویب ڈیسک January 09, 2019
بی این پی گروپ کو 8 سال میں 17.5 ارب روپے سی ڈی اے کو ادا کرنے کا حکم فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں گرینڈ حیات ٹاور کی لیز منسوخی کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے اس کے مالک بی این پی گروپ کو 8 سال میں 17.5 ارب کی رقم سی ڈی اے کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں گرینڈ حیات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل سی ڈی اے نے موقف اختیار کیا کہ گرینڈ حیات ٹاور مارگلہ نیشنل پارک میں آتا ہے اور اس کی لیز غیر قانونی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پھر تو سرینا ہوٹل، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ بھی اسی علاقے میں آتے ہیں، لیز غیر قانونی ہے تو کیا دونوں ٹاورز گرا دیں، سی ڈی اے کو لیز سے 15 ارب روپے زیادہ دلا رہے ہیں، آدھا اسلام آباد سی ڈی اے نے غلط بنایا ہوا ہے، ہر زون میں سی ڈی اے کی غلطیاں نکلتی ہیں، بنی گالا میں سی ڈی اے نے کیا کیا، سی ڈی اے کی یہ کارکردگی ہے، 1960 سے آج تک سی ڈی اے نے اپنی ریگولیشنز نہیں بنائیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ٹاور گرانے ہیں تو لوگوں کو معاوضہ ادا کریں۔ وکیل سی ڈی اے نے کہا کہ گرینڈ حیات کا معاہدہ بدعنوانی سے ہوا ہے اور خود سی ڈی اے کے ذمہ داروں نے گرینڈ حیات میں فراڈ کیا، عدالت کسی فیصلہ سے قبل کابینہ کے فیصلہ کا انتظار کرے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سی ڈی اے نے اپنی کسی دستاویزات میں بدعنوانی کا موقف نہیں اپنایا، طاقتور شخص کے کہنے پر سی ڈی اے نے تھرڈ پارٹی کے حقوق کو خطرے میں ڈالا ہے۔

سپریم کورٹ نے گرینڈ حیات کے مالک بی این پی گروپ کی اپیل منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور گرینڈ حیات ہوٹل کو کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے کابینہ کو معاملہ بھجوانے کی سی ڈی اے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ گرینڈ حیات ہوٹل کو مزید 17.5 ارب روپے 8 سال میں ادا کرنا ہوں گے۔