عمران خان 22 جنوری کو قطر جائیں گے اور وہاں سے اچھی خبر لائیں گے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  جمعـء 11 جنوری 2019
افغانستان کا حل جنگ میں نہیں بلکہ مذاکرات میں ہے، شاہ محمود قریشی (فوٹو: فائل)

افغانستان کا حل جنگ میں نہیں بلکہ مذاکرات میں ہے، شاہ محمود قریشی (فوٹو: فائل)

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 22 تاریخ کو قطر جا رہے ہیں اور وہاں سے بھی اچھی خبر لے کر آئیں گے۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان میں بھی امن ہو گا، افغانستان کا حل جنگ میں نہیں بلکہ مذاکرات میں ہے،  پاکستان افغانستان کے معاملے  پر سہولت کار بن سکتا ہے لیکن اپنا فیصلہ نہیں سنا سکتا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے بات کی لیکن ہمیں ان کی شرائط منظور نہیں تھیں، آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے سے عام شہری متاثر ہوتا، وزیراعظم عمران خان 22 تاریخ کو قطر جا رہے ہیں اور امید ہے کہ وہاں سے بھی اچھی خبر لے کر آئیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان اس وقت شدید پریشان ہے کشمیر کے حوالے سے عالمی قوتیں بھی پاکستانی موقف اختیار کر رہی ہے، ہم نے ہر فورم پر کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کو اجاگر کیا ہے، کانفرنس میں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے فنڈزمنتقل کیے گئے، کچھ عناصر بے بنیاد شوشہ چھوڑ کرمعاملہ الجھا رہے ہیں، جنوبی پنجاب صوبوں کے لیے تمام جماعتوں کا تعاون درکار ہے، جنوبی پنجاب کے لیے الگ سیکریٹریٹ بنایا جا رہا ہے اور اس کے لیے الگ پبلک سروس کمیشن بھی زیرغور ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔