اگرمجھے ہراساں کیا گیا تو سب کو تباہ کردوں گی، کنگنا رناوت

ویب ڈیسک  جمعـء 18 جنوری 2019
تنظیمی جماعت کرنی سینا نے فلم پر اعتراض اٹھاکر فلم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی دھمکی دی ہے فوٹوفائل

تنظیمی جماعت کرنی سینا نے فلم پر اعتراض اٹھاکر فلم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی دھمکی دی ہے فوٹوفائل

ممبئی: ناموربالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی فلم ’’منی کارنیکا؛ کوئین آف جھانسی‘‘ پراعتراض اٹھانے والوں اورخود کو ہراساں کرنے والوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں ہراساں کیا گیا تو وہ سب کو تباہ کردیں گی۔

بھارت میں راجپوتوں کی تنظیم شری کرنی سینا نے اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم’’منی کارنیکا؛ کوئین آف جھانسی‘‘ پراعتراض اٹھاتے ہوئے فلم کے ہدایت کار، پروڈیوسر اورلکھاری کو ایک خط بھیجا ہے جس میں لکھا گیا ہے اگرفلم میں رانی لکشمی بائی کی شخصیت کو بگاڑ کرپیش کیا گیا یا انہیں بدنام کیا گیا تو انہیں ہماری طرف سے احتجاجی مظاہرے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میں رانی لکشمی بائی کو ایک انگریز کے ساتھ رومینس کرتے دکھایا گیا ہے اس کے علاوہ فلم میں رانی لکشمی کا ایک ڈانس بھی شامل ہے یہی وجہ ہے کہ کرنی سینا نے فلم پر اعتراض اٹھایا ہے اور ریلیز سے قبل خود فلم دیکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فلم دیکھنے کے بعد تنقید کرنے والوں کے منہ بند ہوجائیں گے

اداکارہ کنگنا رناوت نے کرنی سینا کی دھمکی پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں فلم کے حوالے سے ہراساں کرنے والے تمام افراد کو تباہ کردیں گی۔ کنگنا نے مزید کہا چارمورخین نے ہماری فلم کو سرٹیفیکیٹ جاری کیا ہے اس کے علاوہ ہمیں سنسر بورڈ سے بھی کلیئرنس سرٹیفیکیٹ ملا ہے اور کرنی سینا اس بات سے آگاہ ہے اس کے باوجود وہ لوگ مسلسل مجھے فلم کے حوالے سے ہراساں کررہے ہیں، اگر ان لوگوں نے مجھے ہراساں کرنا بند نہیں کیا تو انہیں اچھی طرح یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ میں بھی راجپوت ہوں اورمجھے ہراساں کرنے والے تمام افراد کو تباہ کردوں گی۔

واضح رہے کہ فلم ’’منی کارنیکا؛ کوئین آف جھانسی‘‘ ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار ہے، پہلے فلم کے ہدایت کار نے درمیان ہی سے فلم کو چھوڑدیا پھر اداکار سونوسود نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا، تاہم تمام مشکلوں کے باوجود کنگنا رناوت کی فلم 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔