صومالیہ میں امریکی فضائی حملے میں 52 جنگجو ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 20 جنوری 2019
الشباب نے گزشتہ روز صومالی فوج کے کیمپ پر حملہ کرکے 8 اہلکاروں کو قتل کردیا تھا۔ فوٹو : فائل

الشباب نے گزشتہ روز صومالی فوج کے کیمپ پر حملہ کرکے 8 اہلکاروں کو قتل کردیا تھا۔ فوٹو : فائل

جلب: امریکی فضائیہ نے صومالیہ میں الشباب جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے میں 52 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے جنوبی علاقے جِلِب  میں امریکی فوج کے فضائی حملے میں شدت پسند تنظیم الشباب کے 52 جنگجو مارے گئے جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حملہ الشباب جنگجوؤں کے صومالی فوج پر کیے گئے ایک حملے کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ الشباب نے گزشتہ روز صومالی فوج کے 8 اہلکاروں کو قتل کردیا تھا۔

دوسری جانب صومالی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فضائی حملے میں الشباب کے 73 شدت پسند مارے گئے ہیں تاہم آزاد ذرائع سے اس تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ الشباب کی جانب سے امریکی حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صومالی فوج کے ایک کیمپ پر شدت پسند تنظیم الشباب کے جنگجوؤں نے حملہ کر کے 8 فوجیوں کو قتل کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔