اپوزیشن کے مطالبے پر سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2019
یہ انسانی المیہ ہے اور ہم اسے مثال بنائیں گے، وزیراعظم عمران خان۔ فوٹو:فائل

یہ انسانی المیہ ہے اور ہم اسے مثال بنائیں گے، وزیراعظم عمران خان۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے مطالبے پر سانحہ ساہیوال کا جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے مطالبہ پر سانحہ ساہیوال کا جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں، اپوزیشن چاہے تو جوڈیشل کمیشن کے لیے اپنے لوگ بھی نامزد کرسکتی ہے، یہ انسانی المیہ ہے، ہم اسے مثال بنائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے کے حوالے سے قطر میں بھی اپ ڈیٹس لیتا رہا، ساہیوال واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے جب کہ پنجاب حکومت کو پولیس اصلاحات کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیراعظم کو سانحہ ساہیوال پر پنجاب حکومت کی رپورٹ پیش

اجلاس میں ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ 48گھنٹوں میں جے آئی ٹی رپورٹ سامنے آگئی، پنجاب حکومت نے محنت سے کام کیا، اجلاس میں ارکان اسمبلی نے حلقوں کے حوالے سے شکایات بھی کیں جب کہ منی بجٹ کے حوالے سے سوالات کے جوابات نہیں دیے گئے۔

دوسری وزیراعظم عمران خان کو پنجاب حکومت کی سانحہ ساہیوال پر رپورٹ بھی پیش کردی گئی ہے جس میں جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں حکومت پنجاب کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں سی ٹی ڈی افسران کو قتل کا ذمہ دار قراردیتے ہوئے سانحہ ساہیوال میں مقتول میاں بیوی اور ان کی بیٹی کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے جب کہ سی ٹی ڈی کے سربراہ سمیت 3 افسران کو تبدیل اور 2 کو معطل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔