تجاوزات کے نام پر شہریوں کو بے گھر کرنے کے حامی نہیں مرتضی وہاب

ایم کیو ایم نے پہلے زمینوں پر قبضے کرکے گھر بنائے اور پھر انہی کو گرادیا، مرتضی وہاب


ویب ڈیسک January 26, 2019
پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، مرتضی وہاب (فوٹو: فائل)

مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی انسداد تجاوزات کے نام پر شہریوں کو بے گھر کرنے کی حامی نہیں ہے۔

وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ کا پانی بند کرکے کراچی کو پیاسا رکھنے کی سازش ہورہی ہے، سندھ اور سندھ والوں کے لیے وفاق کا ہمیشہ دہرا معیار ہوتا ہے لیکن اب وفاق جان لے کہ کراچی لاوارث نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 500 عمارتیں گرانے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد روکا جائے، میئر کراچی

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی رہائشی پلاٹوں کو کمرشل کیا گیا جب کہ پیپلز پارٹی تجاوزات کے نام پر شہریوں کو بے گھر کرنے کی حامی نہیں، پیپلز پارٹی کراچی کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور لڑتی رہے گی۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پہلے زمینوں پر قبضے کرکے گھر بنائے اور پھر انہی کو گرایا، پی پی کے واضح مؤقف کے بعد ایم کیوایم بھی انگلی کٹا کر شہید بننے کی کوشش کررہی ہے۔