محکمہ موسمیات کی کراچی سمیت ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی

نئے مغربی سسٹم کے ذریعے بدھ سے بارشیں ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک January 28, 2019
نئے مغربی سسٹم کے ذریعے بدھ سے بارشیں ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو : فائل

محکمہ موسمیات نے بدھ سے کراچی سمیت ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا بارش دینے والا سلسلہ منگل کی شام یا رات ملک میں داخل ہوگا جس کے باعث ملک بھر میں بارشوں کا امکان ہے، نئے مغربی سسٹم کے ذریعے کراچی سمیت حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیرآباد میں بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارش کے دوران لینڈ سلائیڈ کا بھی خدشہ ہے جب کہ بدھ سے جمعرات بالائی خیبرپختون خوا، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان اور کوہاٹ ڈویژن میں بارش کا امکان ہے، اس کے علاوہ بالائی پنجاب، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور سرگودھا، فیصل آباد، اسلام آباد گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مالا کنڈ، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر، مری، گلیات میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جب کہ بدھ کے روز کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، نصیرآباد اور سبی ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔