گھر والوں سے پیسے بٹورنے کیلیے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچانے والا شخص گرفتار

لاہور کے شہری نے اہل خانہ کو ڈرانے کیلیے خود کو کرسی پر بندھوا کر دھمکی آمیز ویڈیو ریکارڈ کروائی، پولیس


ویب ڈیسک January 28, 2019
شہری نے ایک دوست کے ساتھ مل کر اپنے ہی اغوا کی منصوبہ بندی کی، پولیس (فوٹو: فائل)

وسیم نامی شہری نے اپنے اہل خانہ سے پیسے بٹورنے کے لیے اغوا کا ڈرامہ رچایا تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اپنے ہی گھر والوں سے پیسے بٹورنے کے لیے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے سبزہ زار کے رہائشی وسیم نامی ملزم نے اپنے ایک دوست کی مدد سے اپنے ہی اغوا کی منصوبہ بندی کی اور اہل خانہ کو ڈرانے کے لیے خود کو کرسی پر بندھوا کر دھمکی آمیز ویڈیو ریکارڈ کروائی۔ دھمکی آمیز ویڈیو بنانے کے بعد ویڈیو اور دھمکی آمیز پیغامات اہل خانہ کو واٹس ایپ پر ارسال کردیئے۔

پولیس کے مطابق وسیم نے رقم کی منتقلی کے لیے اپنے اہل خانہ کو ایک اکاؤنٹ نمبر بھی بھیجا، اکاؤنٹ نمبر ٹریس کرنے پر معلوم ہوا کہ اکاونٹ وسیم کے اپنے نام ہے، سبزہ زار پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وسیم اور اس کی معاون خاتون کو گرفتار کرلیا، دونوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔