پاکستانی استاد نے ’دنیا کے سب سے محنتی استاد‘ کا اعزاز حاصل کرلیا

کراچی سے تعلق رکھنے والے احمد سایا کو 4 ہزاراساتذہ میں سے سب سے محنتی اور سرگرم قرار دیا گیا ہے


ویب ڈیسک February 01, 2019
احمد سایا کو کیمبرج یونیورسٹی پریس کی جانب سے دنیا کے سب سے محنتی اور سرگرم استاد کا اعزاز دیا گیا ہے۔(فوٹو: احمد سایا فیس بک پیج)

پاکستانی ٹیچر احمد سایا کو کیمبرج یونیورسٹی پریس کی جانب سے سال کے 'سب سے محنتی اور سرگرم' (ڈیٹیکیٹ) استاد کا اعزاز دیا گیا ہے۔

کراچی میں واقع قرطبہ اسکول سے وابستہ احمد سایا اے لیول کے استاد ہیں۔ ووٹنگ کی بنا پر پہلے انہیں 4 ہزار اساتذہ میں سے چھ بہترین استادوں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ اس کے بعد وہ دنیا کے محنتی ترین استاد کے درجے تک پہنچے ہیں جس کے لیے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر ووٹ دیئے تھے۔

اس اعزاز کے بعد احمد سایا کو برطانیہ جامعہ کیمبرج میں مدعو کیا جائے گا جہاں انہیں پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگرانعامات بھی دیئے جائیں گے۔ یہ عالمی مقابلہ گزشتہ برس یکم اکتوبر سے 7 دسمبر تک جاری رہا جس میں پوری دنیا سے چار ہزار ایسے اساتذہ نے حصہ لیا جو طالب علموں میں مقبول ہیں اور طلبا ان سے متاثر ہیں۔



عالمی مقابلےمیں احمد سایا کو 80 فیصد ووٹ ملے اور یوں انہیں واضح طور پر بقیہ افراد پر برتری حاصل ہوئی۔ آخری مرحلے پر مقابلے میں پاکستان سےاحمد سایا سمیت بھارت، سری لنکا، آسٹریلیا، فلپائن اور ملائیشیا کے اساتذہ شامل تھے۔ احمد سایا گزشتہ 18 برس سے اے اور او لیول طالب علموں کو ریاضی اور اکاؤنٹنگ پڑھارہے ہیں۔ وہ غریب بچوں کو بھی پڑھاتے ہیں اور اساتذہ کو تربیت بھی دیتے ہیں۔

احمد سایا نے بتایا کہ ان کے لیے تدریس کوئی ملازمت نہیں بلکہ ایک بڑی ذمےداری ہے جب تک جماعت ختم نہیں ہوتی اس وقت تک ذمے داری پوری نہیں ہوتی, میں صرف نصاب ختم نہیں کراتا بلکہ طلبا کے کردار اور اخلاقیات کی تربیت بھی کرتا ہوں, مجھے یقین ہے کہ ہر بچہ بہتر مستقبل کا حق دار ہے اور اس ضمن میں جو بھی کردار میں نے ادا کیا ہے میں اس کے لیے میں شکر گزار رہوں گا۔'



احمد سایا نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے میرا نام اس مقابلے کے لiے نامزد کیا تھا, میں چھٹی نہیں کرتا وقت کا پابند ہوں اور کوشش کرتا ہوں کہ طلبہ کو ایسے پڑھاؤں کے بات ذہن نشین ہوجائے، میں برج اسکول کے نام سے غریب بچوں کے لیے ایک اور تعلیمی ادارہ چلا رہا ہوں جہاں بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد مجھ پر مزید ذمہ داری بڑھ گئی ہے امید کرتا ہوں کہ سب کی امیدوں پر پورا اتر سکوں اور اسی طرح بہتر انداز میں علم کی شمع روشن رکھ سکوں۔

کیمبرج یونیورسٹی پریس کی عالمی سربراہ کرسٹی ویلفورڈ نے کہا ہے کہ یہ شعبہ پوری دنیا کے استادوں کے اظہار تشکر کا ایک ذریعہ ہے، اس ضمن میں ہم تمام اساتذہ کے شکر گزار ہیں اور واقعی وہ اس اعزاز کے مستحق بھی ہیں۔