بھارت انسانی حقوق اور جمہوریت کا سب سے بڑا دشمن ہے مشعال ملک

دنیا کا سب سے بڑا مارشل لا مقبوضہ کشمیر میں ہے، مشعال ملک


ویب ڈیسک February 03, 2019
بھارت نہ صرف آزادی کا حق چھین رہا ہے بلکہ قدرتی وسائل بھی لوٹ رہا ہے، مشعال ملک

حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے پر مقبوضہ کشمیر کو مفلوج کردیا گیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر پر مشعال ملک نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کے دورے پر مقبوضہ کشمیر مفلوج کر دیا گیا، لوگ گھروں میں بند ہوکر رہ گئے ہیں، اور مقبوضہ کشمیر میں حریت کی تمام قیادت کو نظر بند کر دیا گیا ہے جب کہ مودی کی سیکیورٹی کے لیے شارپ شوٹر تعینات کر دیئے گئے۔

مشعال ملک نے کہا بھارت انسانی حقوق اور جمہوریت کا سب سے بڑا دشمن ہے ، دنیا کا سب سے بڑا مارشل لا مقبوضہ کشمیر میں ہے ، مودی کشمیر میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ لانچ کرنے آرہا ہے، ہندوستان ہمارا خون اور پانی چوس رہا ہے، بھارت نہ صرف آزادی کا حق چھین رہا ہے بلکہ قدرتی وسائل بھی لوٹ رہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نریندر مودی کے دورہ کشمیر سے پہلے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے

واضح رہے کہ نریندر مودی ترقیاتی پروجیکٹ کے افتتاح کے سلسلے میں آج مقبوضہ کشمیر کا دورہ کررہے ہیں اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی جب کہ کشمیری عوام مودی کا استقبال سیاہ جھنڈوں سے کریں گے۔ مودی کی آمد کے سلسلے میں شہر میں بڑی تعداد میں فورسز اہلکار تعنیات کیے گئے ہیں جب کہ بڑے پیمانے پر کشمیریوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب پاکستانی وزرات خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر سے پہلے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے اور بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں پر مظالم مزید تیز کردئیے ہیں۔