وفاقی حکومت بتائے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کیلیے کیا اقدامات کیے لاہور ہائیکورٹ

آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی کے سربراہ رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ


ویب ڈیسک February 04, 2019
مقتولین کے ورثاء جو شواہد دینا چاہیں جے آئی ٹی انہیں ریکارڈ پر لائے، ہائی کورٹ (فوٹو: فائل)

لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق حکومت سے اقدامات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال کیس کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا اور حکم دیا ہے کہ جے آئی ٹی کے سربراہ میرٹ پر تفتیش کریں اور تمام تر شواہد اکٹھے کر کے رپورٹ مرتب کریں جب کہ مقتولین کے ورثا جو شواہد دینا چاہیں جے آئی ٹی انہیں ریکارڈ پر لائے۔

لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے استفسار کیا کہ وہ جواب جمع کرائے کہ اس کی طرف سے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے؟۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی کے سربراہ کو رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی بھی ہدایت دی۔

یہ پڑھیں: سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ مسترد

واضح رہے کہ سانحہ ساہیوال میں جاں بحق خلیل کے بھائی جلیل نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ پنجاب حکومت کی بنائی گئی جے آئی ٹی کو کالعدم قرار دیا جائے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ ساہیوال کے ریکارڈ میں تبدیلی ہوئی تو سب اندر جائیں گے، ہائی کورٹ
قبل ازیں دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اگر سرکاری ریکارڈ میں تبدیلی ہوئی تو سب اندر جائیں گے۔