خیبرپختونخوا حکومت نے گورنر ہاوس کو عجائب گھر بنانے کی منظوری دیدی

احتشام بشیر  بدھ 6 فروری 2019
صوبائی حکومت نے یہ اقدام وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کیا جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا

صوبائی حکومت نے یہ اقدام وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کیا جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا

پشاور: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت نے گورنر ہاوس پشاور کو صوبائی عجائب گھر بنانے کی منظوری دیدی ہے جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس پشاور کو عجائب گھر بنانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد گورنر ہاؤس پشاور میں موجود قیتمی نوادرات اور تاریخی اشیاء کے حوالے سے سروے کیا گیا تھا جس کی تفصیلات حکومت کو فراہم کی گئی جس کے بعد حکومت نے وزیراعظم کی ہدایت پر گورنر ہاؤس پشاور کو عجائب گھر بنانے کی منطوری دیدی ہے۔

گورنر ہاؤس محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے سے کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد گورنر ہاؤس کو عجائب گھر بنایا جائے گا اس سے قبل گورنر شاہ فرمان نے گورنر ہاؤس کو طالبات اور فیملیزکے لیے گورنر ہائوس کھولنے کا فیصلہ کیا تھا اور ہفتے میں دو روز گورنر ہاؤس طالبات کے لیے کھولا جاتا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صمد نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلامیہ موصول ہوگیا ہے اب گورنر ہاؤس کو صوبائی عجائب گھر بنایا جارہا ہے جس پر کام شروع کردیا گیا ہے فیصلہ کیا گیا ہے کہ گورنر ہاؤس کے چمن کو بوٹانیکل گارڈن بنایا جائے گا اور عام شہریوں کے داخلے کے لیے باقاعدہ فیس لگائی جائے گی لیکن اس فیس کا تعین ابھی نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ موجودہ پشاور کا عجائب گھر گندھارا عجائب گھر بنادیا جائے گا

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔