بنگلہ دیش کا بھارت سے اپنے حصے کا پانی فراہم کرنے کا مطالبہ

بھارت اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ کے درمیان جی سی سی کے پانچویں اجلاس میں پانی کی تقسیم پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا


ویب ڈیسک February 09, 2019
بھارت اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ کے درمیان جی سی سی کا پانچواں اجلاس نئی دہلی میں ہوا۔ فوٹو : اے ایف پی

بنگلہ دیش نے بھارت سے مشترکہ نہروں کا پانی طے شدہ معاہدے کے تحت تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان جے سی سی (Joint Consultative Commission) کا پانچواں اجلاس نئی دہلی میں ہوا۔

بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹرعبدالمومن نے اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدے پر تحفظات کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع اب حل ہوجانا چاہیے تاکہ بنگلہ دیش کو مشترکہ نہروں سے اپنے حصے کا مقررہ پانی مل سکے۔

جس پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے فریقین کے درمیان 'ٹیسٹا معاہدہ برائے تقسیم آب' پر عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ تنازع کے حل کے لیے مثبت پیشرفت پر تندہی سے کام کر رہی ہیں۔

بعد ازاں دونوں وزراء کے درمیان ملازمین کی ماہرانہ تربیت، طب اور معیشت سے متعلق پروجیکٹس کے 4 یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ 21 رکنی وفد کے ہمراہ آج نئی دہلی سے ڈھاکا پہنچ جائیں گے۔