پلوامہ حملے کے بعد بھارتی فوج کسی بھی کارروائی کے لیے آزاد ہے، مودی

ویب ڈیسک  جمعـء 15 فروری 2019
نریندرا مودی نے بھارتی فوج کو کسی بھی لمحے اور کہیں بھی حملہ کرنے کی ہدایت کردی۔ فوٹو : فائل

نریندرا مودی نے بھارتی فوج کو کسی بھی لمحے اور کہیں بھی حملہ کرنے کی ہدایت کردی۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: وزیراعظم نریندرا مودی نے اپنا جارحیت پسند چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے بھارتی فوج کو حملے کے لیے کھلی چھوٹ دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے جھانسی میں ڈیفنس راہداری کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب سے خطاب کے دوران جنگی جنون میں مبتلا مودی نے اپنے مذموم مقاصد بیان کرتے ہوئے بھارتی فوج کو پلوامہ دھماکے کا منصوبہ بنانے والوں پر کسی بھی لمحے اور کسی بھی جگہ حملہ کرنے کی ہدایت کردی۔

بھارتی وزیراعظم نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکیورٹی اہلکاروں پر خود کش حملے کی ذمہ داری عائد کرتے ہوئے گیدڑ بھبکی دی کہ پاکستان جان لے یہ نیا بھارت ہے اور 130 ملین افراد کا ملک مل کر پاکستان کو جواب دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیرخودکش حملہ، پاکستان نے بھارتی الزام مسترد کردیا

نریندرا مودی نے مزید ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کو ختم کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے ورنہ بھارتی عوام کے غم و غصے کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں رہے گی۔ ہم پاکستان کوعالمی دنیا میں تنہا کردیں گے اور دھماکا کرنے والے بڑی قیمت چکانے کے لیے تیار رہیں۔

ایک طرف پاکستان پر بھونڈا الزام عائد کرکے بھارتی وزیراعظم نے اپنی انتظامی اور سیکیورٹی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے تو وہیں ان کے جارحانہ بیانات سے خطے کا امن بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے مودی نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔