بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہو گئی

مودی کی جماعت بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک ہونے پر سوشل میڈیا پر صارفین نے خوب مذاق بنایا


ویب ڈیسک March 05, 2019
بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ آج دن بھر بند رہی ہے۔ فوٹو : فائل

بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ اچانک بند ہوگئی ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ویب سائٹ ہیک کی گئی ہے یا کوئی فنی خرابی ہوئی ہے۔

India

بی جے پی کی ویب سائٹ کے مبینہ طور پر ہیک ہونے کی خبر سب سے پہلے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور یہ اطلاع دینے والی اپوزیشن جماعت کانگریس کی سوشل میڈیا منیجر دیویا اسپندانا تھیں۔



کانگریس کے بعد بھارت میں مقبول ہوتی قدرے نئی سیاسی جماعت 'عام آدمی پارٹی' کے ترجمان نے کہا کہ جو لوگ ای وی ایم کے ہیک نہ ہونے کا دعویٰ کرتے تھے وہ خود اپنی پارٹی کی ویب سائٹ کو ہیکرز سے نہ بچاسکے۔

دوسری جانب ویب سائٹ ہیک ہونے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کسی قسم کا موقف سامنے نہیں آیا ہے، تاہم ویب سائٹ وزٹ کرنے والوں کو اسکرین پر ایک میسیج نظر آتا ہے جس میں صارفین سے معذرت کرتے ہوئے ویب سائٹ جلد بحال ہونے کا عندیہ دیا گیا ہے۔