بابری مسجد تنازع پر ثالثی کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ

بابری مسجد کی ملکیت کے تنازع کیلیے عدالت کے ثالثی کردار کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی جس پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا


ویب ڈیسک March 06, 2019
بابری مسجد کی ملکیت کے لیے 3 فریقین نے عدالت کو ثالثی بنچ بنانے کی درخواست کی تھی۔ فوٹو : فائل

بھارتی سپریم کورٹ نے 3 فریقین کے درمیان بابری مسجد تنازع پر ثالث بننے کے لیے دائر پٹیشن کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بابری مسجد کی ملکیت کے دعویدار فریقین کی جانب سے تنازع کے حل کے لیے سپریم کورٹ کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے دائر پٹیشن کی سماعت ہوئی، پانچ رکنی بینچ نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بھارتی چیف جسٹس رانجن گوپائی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بابری مسجد کی ملکیت کا تنازع صرف زمین کے ایک ٹکڑے کا معاملہ نہیں بلکہ یہ 'عقیدے' سے بھی جڑا ہے۔ یہ جائیداد کا نہیں دل، دماغ اور مذہبی احساسات کا معاملہ بھی ہے۔

بنچ کے رکن جسٹس ایس اے بوبڈے نے کہا کہ کوئی ہمیں تاریخ نہ پڑھائے، ہمیں بھی سب معلوم ہے، کون اس وقت بادشاہ تھا اور کس نے کیا اور کہاں مسجد تھی اور کس جگہ مندر بنا ہوا تھا۔ ہم بادشاہ بابر کے اقدام کو 'اَن ڈو' نہیں کر سکتے۔

اس موقع پر فریقین کے وکلاء نے عدالت کے ثالثی بننے کے حق اور مخالفت میں دلائل دیئے۔ بنچ نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ سنانے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ الہ آباد کی ہائی کورٹ میں بابری مسجد کی 2.77 ایکڑ زمین کی ملکیت کے لیے 3 فریقین سنی وقف بورڈ، نرموہی اکھاڑا اور رام للا نے 14 اپیلیں دائر کی تھیں جس میں بابری مسجد کی زمین کو فریقین میں 3 برابر حصوں میں تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔