کالعدم تنظیموں کے مزید مراکز حکومتی تحویل میں، درجنوں کارکن گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 8 مارچ 2019
نیشنل ایکشن پلان کے تحت تحویل میں لئے جانے والے مدارس پر محکمہ اوقاف نے اپنے بورڈ لگا دیئے فوٹو:فائل

نیشنل ایکشن پلان کے تحت تحویل میں لئے جانے والے مدارس پر محکمہ اوقاف نے اپنے بورڈ لگا دیئے فوٹو:فائل

لاہور  : پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ متعدد مساجد، مدرس اور طبی مراکز کو بھی حکومتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ذرائع کے مطابق لاہور میں حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران جماعت الدعوہ سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے 60 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا جب کہ جماعت الدعوہ کے مزید 16 مدرسوں اور 9 ڈسپنسریز کا کنٹرول بھی حکومت نے سنبھال لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مرید کے اور پاکپتن میں 8، 8 مدرسوں کو سرکاری تحویل میں لیا گیا جب کہ پاک پتن میں جماعت دعوہ کی 7 اور رینالہ خرد میں 2 ڈسپنسریز کو سرکاری تحویل میں لیا گیا۔

ادھر کراچی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت تحویل میں لئے جانے والے مدارس پر محکمہ اوقاف نے اپنے بورڈ لگا دیئے۔ کراچی کے مدارس جامعتہ الایمان ناظم آباد، مدرسہ ریاض الجنہ، جامعہ الدرسات الاسلامیہ گلشن اقبال، مدرسہ معاذ بن جبل ملیر، جامع مسجد حنین قائد آباد کا انتظام محکمہ اوقاف نے سنبھال لیا ہے۔

سندھ حکومت نے تین روز کے دوران دس سے زائد مدارس و اسکول کو تحویل میں لیا۔ سندھ میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعت الدعوۃ کے زیر انتظام 56 مدارس ، اسکول و اسپتال تحویل میں لئے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔