بھارت کا جنگی جنون، کرکٹ ٹیم نے فوجی کیپ پہن کر میچ کھیلا

ویب ڈیسک  جمعـء 8 مارچ 2019
بھارتی ٹیم نے پریکٹس بھی فوجی کیپ پہن کر کی۔ فوٹو : ٹویٹر

بھارتی ٹیم نے پریکٹس بھی فوجی کیپ پہن کر کی۔ فوٹو : ٹویٹر

رانچی: جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے کرکٹ کو بھی اپنی جارحیت پسندی سے نہ بخشا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم جھاڑ کھنڈ کے شہر رانچی میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے روایتی کرکٹ کٹ سے ہٹ کر آرمی کیپ پہن کر میدان میں اتری۔ سابق کپتان اور موجودہ سینیئر کھلاڑی دھونی نے میچ سے قبل کھلاڑیوں میں فوجی کیپ تقسیم کیے۔

جنگ کی میدان میں دو طیاروں کی تباہی اور ایک پائلٹ کی گرفتاری کے بعد بھارت نے کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی جنگ کا میدان سجالیا۔ کرکٹ کی تاریخ کے اس انوکھے واقعے نے اسپورٹس مین اسپرٹ کے بجائے جنگی سپاہیوں کا منظر پیش کیا۔

Cricket

کپتان ویرات کوہلی ٹاس کے لیے میدان میں آئے تو فوجی کیپ پہنے ہوئے تھے، ٹاس جیتنے کے بعد انہوں نے انکشاف کیا کہ اپنی فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے یہ کیپ پوری ٹیم پہنے گی جب کہ ٹیم نے میچ کا معاوضہ پلوامہ میں ہلاک ہونے والے سپاہیوں کے اہل خانہ کو عطیہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کرکٹ میچ کے دوران امن اور کینسر جیسے امراض وغیرہ سے آگاہی کے لیے ٹیمیں مختلف رنگ کی شرٹس پہنتی آئی ہیں یا کوئی نمائندہ بیجز لگاتی ہیں لیکن جنگی جارحیت کو ہوا دینے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔