ایران میں پُر ہجوم مقام پر مغربی انداز سے ایجاب و قبول کرنے والا جوڑا گرفتار

عوامی مقام پر مغربی انداز سے ایجاب و قبول کرنا اسلام اور ایرانی تہذیب کے منافی عمل ہے، پولیس


ویب ڈیسک March 10, 2019
عوامی مقام پر مغربی انداز سے ایجاب و قبول غیر اسلامی ہے، پولیس فوٹو : اسکرین گریپ

ایران کے پُررونق شاپنگ سینٹر میں سب کے سامنے ایجاب و قبول کرنے والے جوڑے کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے پریمی جوڑے نے ایجاب و قبول کے لیے پرہجوم شاپنگ سینٹر کا انتخاب کیا جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، نوجوان جوڑے نے پھولوں کی پتیوں سے بنائے ہوئے دل کے درمیان کھڑے ہوکر ایجاب و قبول کیا۔



ایرانی لڑکے نے مغربی انداز سے شادی کی پیشکش کی جس پر لڑکی نے بھی رضامندی کا اظہار کیا اور پھر دونوں گلے لگ گئے، اس دوران موقع پر موجود سیکڑوں لوگوں نے تالیاں بجا کر جوڑے کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جوڑا اور وہاں موجود افراد پُرجوش نظر آرہے تھے۔

اس پورے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد ایرانی پولیس متحرک ہوئی اور مغربی انداز سے عوامی مقام پر ایجاب و قبول کرنے کے الزام میں جوڑے کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے جوڑے کی اس حرکت کو اسلامی تعلیمات کے منافی اور ایرانی تہذیب کا مذاق اُڑانا قرار دیا۔