اسٹیفن ہاکنگ کے اعزاز میں یادگاری سکہ جاری

ویب ڈیسک  بدھ 13 مارچ 2019
برطانیہ میں اسٹیفن ہاکنگ کی پہلی برسی پر یادگاری سکہ جاری کیا گیا ہے تاہم اسی سال کے آخر میں ان سے وابستہ 50 پونڈ کا نوٹ بھی جاری کیا جائے گا۔ فوٹو: بشکریہ نیوسائنٹسٹ

برطانیہ میں اسٹیفن ہاکنگ کی پہلی برسی پر یادگاری سکہ جاری کیا گیا ہے تاہم اسی سال کے آخر میں ان سے وابستہ 50 پونڈ کا نوٹ بھی جاری کیا جائے گا۔ فوٹو: بشکریہ نیوسائنٹسٹ

 لندن: تاریخ کے ممتاز سائنسداں اور ماہرِ کونیات اسٹیفن ہاکنگ کے اعزاز میں یادگاری سکہ جاری کیا گیا ہے۔ یہ سکہ حکومتِ برطانیہ کی جانب سے ان کی پہلی برسی کے موقع پر 14 مارچ کو جاری کیا گیا ہے۔

نیا چمک دار سکہ انتہائی خوبصورت ہے جسے برطانیہ کی ممتاز ڈیزائنر ایڈوینا ایلس نے ڈیزائن کیا ہے۔ سکے کی پشت پر اسٹیفن ہاکنگ کا نام درج ہے اور اس کے اوپر ہاکنگ کی مشہور مساوات درج ہے جو بلیک ہول میں اینٹروپی کو ظاہر کرتی ہے یعنی بلیک ہول کے اندر انتشار بڑھتا چلاجاتا ہے۔ سب سے نیچے بلیک ہول کو نہایت خوبصورت انداز میں بنایا گیا ہے جو بتدریک پھیل رہا ہے۔

اس سے قبل چارلس ڈارون اور سر آئزک نیوٹن کے یادگاری سکے جاری کئے گئے ہیں اور یوں اسٹیفن ہاکنگ یہ اعزاز پانے والے تیسرے بڑے سائنسداں ہیں۔ اس سے قبل اسٹیفن ہاکنگ کی بیٹی لوسی اور اس کے بھائی ٹِم نے سرکاری ٹکسال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکہ ڈھالنے کا عمل بھی دیکھا ۔ واضح رہے کہ اس سال کے اختتام تک اسٹیفن ہاکنگ کی یاد میں 50 پاؤنڈ کا نوٹ بھی جاری کیا جائے گا۔

اسٹیفن ہاکنگ 22 سال کی عمر میں موٹر نیورون ڈیزیز کے شکار ہوگئے تھے اور ڈاکٹروں کی اکثریت نے ان کی زندگی کو بہت مختصر قرار دیا تھا لیکن نہ صرف اسٹیفن ہاکنگ زندہ رہے بلکہ اپنے حافظے کی بدولت کئی صفحات کی مساوات بھی درست لکھواتے تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں بلیک ہول اور اس سے وابستہ کئی نظریات کو پروان چڑھایا اور اس کی مساوات بیان کی۔

گزشتہ برس 14 مارچ کو اسٹیفن ہاکنگ کا انتقال 76 برس کی عمر میں ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔