مغربی کنارے میں یہودی آباد کار کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

فلسطینی نوجوان کو کارسوار اسرائیلی آباد کار نے سر راہ فائرنگ کر کے شہید کیا


ویب ڈیسک April 03, 2019
فلسطینی نوجوان کو کارسوار اسرائیلی نےسر راہ فائرنگ کرکے شہید کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کار کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان عبد الفتح شہید ہوگیا۔

مغربی کنارے میں نابلس کے گاؤں ہاوارا میں کارسوار اسرائیلی آباد کار نے فائرنگ کر کے فلسطینی نوجوان عبدالفتح کو شہید کردیا۔ فلسطینی نوجوان کی لاش کو قابض اسرائیلی فوج نے اسپتال منتقل کیا۔

فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں نوجوان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ نوجوان کو قابض اسرائیلی فوج نے بہت تاخیر سے اسپتال منتقل کیا، زیادہ خون بہہ جانے کے باعث نوجوان جانبر نہ ہوسکا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان نے کار سوار اسرائیلی شہریوں کو روکا، نوجوان کے ہاتھ میں تیز دھار چاقو بھی تھا اور وہ شہریوں کو ڈرا دھمکا رہا تھا جس پر کار سوار نے فائرنگ کردی۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد سے اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی جانب سے جھوٹے الزامات لگا کر نہتے فلسطینیوں پر جارحیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔