امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد کانگریس میں پیش کردی گئی، جس پر بدھ کو ایوان نمائندگان میں ووٹنگ ہوگی۔ ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے قرارداد پیش کرتے ہوئے وزیر جنگ پر جنگی اختیارات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔
تھامس میسی نے ایوان نمائندگان میں مواخذے کے حق میں اپنے الزامات پڑھ کر سنائے۔ ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے بھی امریکی وزیر جنگ کے مواخذے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
دوسری جانب پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی قرارداد پر ردعمل دینے کے لیے آج پینٹاگون میں پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ پریس کانفرنس میں مواخذے سے متعلق تفصیلی بات کریں گے اور انہیں اس کارروائی میں ریپبلکن ارکان کی مخالفت کی کوئی پریشانی نہیں۔
امریکی وزیر جنگ نے ایران کے ساتھ محاذ آرائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام غیر مقبول ضرور تھا لیکن ضروری تھا، کسی کو تو ایرانی حکومت کا سامنا کرنا ہی تھا۔
پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ امریکی عوام جنگ میں فتح سے کم کچھ قبول نہیں کریں گے اور ایران کو جوہری بم رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات کا مثبت انداز میں جائزہ لے گی۔ دوسری جانب کانگریس میں مواخذے کی قرارداد پر بدھ کو ہونے والی ووٹنگ کو وزیر جنگ کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔