کراچی میں 3 بچے نالے میں ڈوب کر جاں بحق

تین بچوں کی لاشوں کو نکال لیا گیا جبکہ چوتھے بچے کو زندہ بچالیا گیا


ویب ڈیسک April 09, 2019
ڈوبنے والے چوتھے بچے کو بچالیا گیا (فوٹو: فائل)

شہر قائد کےعلاقے نارتھ ناظم آباد میں سیوریج کے بڑے نالے میں 3 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جب کہ چوتھے بچے کو زندہ نکال لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق افسوس ناک حادثہ شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں کچرا چننے والے 4 بچے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے، اطلاع ملنے پر امدادی اداروں کے رضاکار اور فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے ریسکیو کارروائی شروع کی۔

ڈوبنے والے بچوں کی تلاش کے لیے پیشہ ور غوطہ خور موجود نہیں تھے البتہ مقامی افراد نے انتظامیہ اور ریسکیواداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 3 بچوں کی لاشوں کو نکال لیا جب کہ ایک بچے کو زندہ بچالیا گیا۔

واضح رہے کہ کھلے سیوریج نالے میں بچوں کے گرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، محمود آباد اور شہر کے دیگر علاقوں میں کئی بچے نالوں میں گر کر موت کا شکار ہو چکے ہیں۔