نوازشریف کا جیل سے نکلتے ہی انجائنا کا درد بھی ختم ہوگیا فواد چوہدری

شریف خاندان کے افراد جیل جاتے ہی بیمار اور باہر آتے ہی لندن روانہ ہو جاتے ہیں، وزیراطلاعات


ویب ڈیسک April 11, 2019
کرپشن کے نشے کے عادی مریض اقتدار سے باہر ہو تو ان کا بدن ٹوٹنے لگتا ہے، فواد چوہدری، فوٹو: فائل

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بڑے میاں صاحب کا لگتا ہے جیل سے نکلتے ہی انجائنا کا درد بھی ختم ہوگیا ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ شریف خاندان کے افراد جیل جاتے ہی بیمار اور باہر آتے ہی لندن روانہ ہو جاتے ہیں،عام قیدی سوچتے ہیں کہ اگر وہ بھی اپوزیشن لیڈر ہوتے تو جیل میں نہ ہوتےکیونکہ عام قیدی کو ایک سے دوسری بیرک جانے کی اجازت نہیں اور یہ لندن کی سیریں کر رہے ہیں اب قوم اور قانون اپوزیشن لیڈر کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں ہماری دعا ہے کہ وہ لندن میں بیمار نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے ہاتھ صاف ہیں پی ٹی آئی کی چیرہ دستیوں کامقابلہ کریں گے، شہبازشریف

فواد چوہدری نے کہا کہ بڑے میاں صاحب کا لگتا ہے جیل سے نکلتے ہی انجائنا کا درد بھی ختم ہوگیا ہے، دراصل یہ اقتدار سے محرومی کا انجانہ درد ہے، جب کرپشن کے نشے کے عادی مریض اقتدار سے باہر ہو تو ان کا بدن ٹوٹنے لگتا ہے۔