عدالت عظمیٰ کا روسٹر تبدیل چیف جسٹس کا بینچ اسلام آباد منتقل

بینچ عیدالفطر سے ایک ہفتہ پہلے کوئٹہ منتقل ہواتھا، 2ہفتے مسلسل مقدمات کی سماعت کررہا تھا


Numainda Express August 17, 2013
بینچ عیدالفطر سے ایک ہفتہ پہلے کوئٹہ منتقل ہواتھا، 2ہفتے مسلسل مقدمات کی سماعت کررہا تھا. فوٹو: فائل

عدالت عظمیٰ کا روسٹر تبدیل ہوگیا ہے،چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کابینچ کوئٹہ رجسٹری سے واپس پرنسپل سیٹ اسلام آبادمنتقل کردیا گیا ہے ۔

چیف جسٹس کا بینچ عیدالفطر سے ایک ہفتہ پہلے مقدمات کی سماعت کیلیے کوئٹہ منتقل ہواتھااورگزشتہ 2ہفتے سے مسلسل کوئٹہ میں مقدمات کی سماعت کررہا تھا تاہم روسٹر میں تبدیلی کر کے چیف جسٹس نے اپنا بینچ اگلے ہفتے سے واپس اسلام آباد منتقل کردیا ہے ۔ چیف جسٹس کا بینچ اگلے ہفتے اسلام آباد میں اہم مقدمات کی سماعت کرے گا، پیر کو نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کی تعمیرمیں تاخیر اور کرپشن،وکلا کی ٹارگٹ کلنگ اور تھری جی موبائل ٹیکنالوجی کے لیے لائسنس کے اجرا میں تاخیرکا مقدمہ سنے گا۔



منگل کو سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک کے خلاف توہین عدالت اور وفاقی محتسب کی تقرری کے خلاف دائر درخواست، بدھ کو ای او بی آئی میں 40 ارب روپے کی کرپشن اورلال مسجد جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ پرسماعت کی جائے گی۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے سنیئر ترین جج جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ اگلے ہفتے ای او بی آئی میں کرپشن کے بارے ایک اوراہم مقدمے کی سماعت بھی کرے گا۔