حکومت مدت پوری کرے گی جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں شاہ محمود قریشی

ملک میں تبدیلی کا سفر شروع ہوچکا جس کے لیے لٹیروں پر ہاتھ ڈال دیا گیا ہے، وزیر خارجہ


ویب ڈیسک April 13, 2019
لٹیروں کو جیل جانا ہوگا یا لوٹی رقم واپس کرنا پڑے گی، وزیر خارجہ (فوٹو: فائل)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں حکومت اپنی مدت پورے کرے گی۔

ملتان میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک میں تبدیلی کا سفر شروع ہے، لٹیروں پر ہاتھ ڈال دیا گیا ہے، لٹیروں کو جیل جانا ہوگا یا لوٹی ہوئی رقم واپس کرنا پڑے گی، ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں حکومت اپنی مدت پورے کرے گی، اقتدار آنی جانی چیز ہے، عوام میں سے ہیں عوام میں رہیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ پر تشویش ہے، شہادتوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا، سابقہ حکومتوں نے نیشل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں کیا، وزیراعظم کی اجازت سے نیشنل ایکشن پلان پر قومی یکجہتی کے لیے اپوزیشن کو خط لکھے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف معیشت کی مضبوطی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور غربت کے خاتمے کے لیے مربوط نظام بنایا جارہا ہے، پی پی 218 کے انتخابات میں تحریک انصاف نے پی پی اور (ن) لیگ کے مشترکہ امیدوار کو شکست دی، یہ کامیابی عوام کا ہم پر اعتماد کا اظہار ہے، عوام 2023ء کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو واضح اکثریت سے ایوانوں میں بھیجیں گے۔